
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو سویڈن کے عالمی ایڈلسٹام انسانی حقوق ایوارڈ کے لیے منتخب کر لیا گیا
سویڈن کی ہیرالڈ ایڈلسٹام فاؤنڈیشن نے بلوچ انسانی حقوق کی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو سال 2026 کے باوقار ایڈلسٹام پرائز (Edelstam Prize) کا مستحق قرار دے دیا ہے۔
یہ عالمی اعزاز انہیں جبری گمشدگیوں کے متاثرین کے حق میں آواز بلند کرنے، سچائی اور انصاف کے لیے غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرنے اور انسانی حقوق کے دفاع میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
ایڈلسٹام پرائز سویڈش سفارت کار ہیرالڈ ایڈلسٹام کی یاد میں قائم کیا گیا ہے، جو دوسری جنگِ عظیم اور دیگر انسانی بحرانوں کے دوران مظلوم اور خطرے سے دوچار افراد کے تحفظ کے لیے اپنی جرأت مندانہ خدمات کے باعث شہرت رکھتے تھے۔ یہ ایوارڈ ہر دو سال بعد انسانی حقوق کے دفاع میں غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔
ایوارڈ کی باضابطہ تقریب 3 دسمبر 2026 کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں منعقد ہوگی۔ فاؤنڈیشن کے مطابق ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ قید میں ہونے کے باعث تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گی، لہٰذا ان کی جانب سے میر بالاچ شیر یہ ایوارڈ وصول کریں گے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کو اس عالمی اعزاز کے لیے منتخب کیا جانا جبری گمشدگیوں کے متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کی جدوجہد کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیے جانے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
Hafeez Hassanabadi Facebook

Leave a Reply